نیویارک:امریکا کی مشہور پاپ گلوکارہ، اداکارہ و لکھاری 61 سالہ میڈونا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھی کورونا کا شکار ہوگئی تھیں، تاہم اب وہ صحت مند ہیں۔واضح رہے کہ میڈونا سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے تھے اور ان میں سے اب کئی صحت یاب ہوچکے ہیں۔
رواں برس 10 مارچ کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث گلوکارہ میڈونا نے یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اپنے میوزک کنسرٹ کو منسوخ کردیا تھا۔
معروف گلوکارہ میڈونا نے اگرچہ مارچ میں ہونے والے میوزک کنسرٹ کو منسوخ کردیا تھا تاہم انہوں نے فروری میں پیرس میں ہونے والے ایک کنسرٹ میں پرفامنس کی تھی اور وہ اپنی ٹیم سمیت دیگر آرٹسٹس کے ہمراہ پیرس موجود تھیں۔
مارچ میں پیرس میں موجودگی کے دوران ہی میڈونا کی طبیعت خراب ہوگئی تھی اور اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مارچ میں کورونا کا شکار ہوگئی تھیں اور اس وقت انہیں بھی لگا کہ وہ کورونا کا شکار نہیں ہوئیں بلکہ انہیں شدید نزلہ و زکام ہوا ہے۔
میڈونا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ مارچ کے وسط سے قبل ہی کورونا کا شکار ہوگئی تھیں اور اس بات کو 7 ہفتے گزر گئے لیکن اب وہ صحت مند ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ دیگر افراد بھی بیمار ہوگئے تھے اور ہم سب کا خیال تھا کہ ہمیں موسمی نزلہ و زکام ہوا ہے۔
https://www.instagram.com/p/B_2sE9IB1OT/