مقبوضہ کشمیر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ مزید بڑھ چکا ہے،شاہ محمود قریشی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مقبوضہ کشمیر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ مزید بڑھ چکا ہے،شاہ محمود قریشی
مقبوضہ کشمیر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ مزید بڑھ چکا ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اپنے کویتی ہم منصب ڈاکٹر احمد نصیر ال محمد الصباح سے وڈیو لنک کے ذریعے رابطہ، کرونا عالمی وبائی صورتحال اور اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے کی جانے والی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے اپنے کویتی ہم منصب کو رمضان الکریم کی مبارک باد دی،وزیر خارجہ نے اس وائرس کی روک تھام کیلئے، کویتی حکومت کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اس وبائی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جاری کاوشوں سے اپنے کویتی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج اس صدی میں بنی نوع انسان کو پیش آنے والے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے، وزیر خارجہ نے کرونا وبائی تناظر میں ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے، وزیراعظم عمران خان کے ”گلوبل ڈیٹ ریلیف” مطالبے کی تفصیلات سے، کویتی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

کویتی وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے پیش نظر، ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کے گلوبل ڈیٹ ریلیف تجویز کو سراہتے ہوئے سلطنت کویت کی طرف سے اس مطالبے کی حمایت کا یقین دلایا،کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ کویت، پاکستان کے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے بھی ممکنہ مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

کویتی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں فوڈ سیکورٹی اور صحت کے شعبہ جات میں پاکستان کی معاونت درکار ہے،کویت کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین معاشی، دفاعی اور عسکری شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے، 5 سے 20 سال کی مدت پر محیط اسٹریٹیجک پلان مرتب کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن اور بلاجواز پابندیوں کے سبب مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ مزید بڑھ چکا ہے۔

Related Posts