اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے 20 ہزار 186 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 462 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے متاثرہ 1083نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار 186ہو گئی۔
کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے اب تک2 لاکھ 12ہزار511ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد9ہزار 522ہے۔
ہر گزرتے روز کے ساتھ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے جبکہ وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے7 ہزار524، سندھ میں 7ہزار 465، خیبرپختونخواہ میں 3 ہزار129، بلوچستان میں1 ہزار 218، آزاد کشمیر میں71، گلگت بلتستان میں364جبکہ اسلام آباد میں 415 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 14ہزار 134فعال کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 5ہزار 590افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخواہ اور سندھ میں ہوئیں۔ کے پی کے میں180افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سندھ میں130افراد جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث124، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 4 جبکہ بلوچستان میں 21افراد جاں بحق ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں35لاکھ 66ہزار افراد متاثر جبکہ 2لاکھ 48ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 35لاکھ66ہزار230افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے18فیصد (2لاکھ48ہزار285) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 48 ہزار افراد ہلاک