کراچی:چیئرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی کے خودساختہ نام نہاد دعویداروں نے مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے جبکہ منتخب بلدیاتی نمائندگان ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکار مشکل وقت میں عوام کے درمیان موجود ہیں۔ اور عوامی خدمات کے کام سر انجام دے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارریحان ہاشمی نے یونین کمیٹی نمبر 06 نیو کراچی سیکٹر 11-D میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے راشن اور تحفہ افطار کی تقسیم کے کام کی نگرانی کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کے مقامی ذمہ داران،منتخب بلدیاتی نمائندگان،کے کے ایف کے رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ریحان ہاشمی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مظلوموں کی آواز ہے، موجودہ صورتحال میں ایم کیو ایم پاکستان کے منتخب نمائندے اپنے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے دن رات سر گرم عمل ہیں۔
خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکار لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کے گھروں کی دہلیز تک راشن اور تحفہ ِافطار پہنچا رہے ہیں جس میں اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ امدادی سامان دیتے وقت ضرورت مندوں کی کسی صورت عزت نفس مجروح نہ ہو۔
کے کے ایف کے رضاکار قابل تحسین ہیں جو ان حالات میں کہ جب کہ لوگوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے وہ عوام میں راشن اور تحفہِ افطار تقسیم کرنے کے علاوہ دیگر عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں۔