اسلام آباد : سعودی عرب میں 6 ہزار پاکستانیوں کو ملازمتوں سے برطرف کردیا گیا، تعداد 8 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ، حکومت نے سعودی عرب سے تارکین وطن کو واپس لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے ٹیلیفونک کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب حکومت میں کمپنیوں کو غیر ملکیوں کو ملازمت سے بر طرف نہ کرنے کا فرمان جاری کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی چھ ہزار ایسے پاکستانی ہیں جن کو ملازمتوں سے برطرف کیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بیروزگار ہونیوالوں کی تعداد تقریبا آٹھ ہزار تک جاسکتی ہے جب کہ ہمارے پاس ایک ہفتے میں 6 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی صلاحیت موجود ہے ۔
زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے بھی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے ہفتے میں پانچ پروازیں چلائی جائیں گی ، اگلے مرحلے میں سعودی عرب کے لیے مزید پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ایجنٹ نے ڈیڑھ کروڑ لیکر45 پاکستانیوں کو سعودی عرب میں پھنسا دیا