کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وزیرِ اعلیٰ سیّد مراد علی شاہ کی قیادت میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروفِ عمل ہے۔
عالمی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رائے کا نفاذ عمل میں لا رہی ہیں۔ متاثر طبقات کا خیال رکھا جارہا ہے، تاہم پاکستان میں قیادت کا بحران ہے۔ پاکستان میں قومی اتحاد و یکجہتی پر بھی کام نہیں کیاجارہا۔
انٹرویو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی ایک صوبہ اپنے طور پر کام کرنا چاہے تو کورونا وائرس کے خلاف کامیاب نہیں ہوگا۔ لاک ڈاؤن ایک طرف تو لگایا جائے لیکن دوسرے صوبے پر نہ لگے تو اس سے مسائل پیچیدہ ہوجاتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت نے سب سے پہلے صحت کے شعبے کو ترجیح دی ہے۔ کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس پر ڈاکٹرز بھی آواز بلند کر رہے ہیں کہ جزوی لاک ڈاؤن سے مسائل حل نہیں ہو ں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ سمیت ہر صوبے کو وفاق کی مدد کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت کا سالانہ ہیلتھ بجٹ ویسے ہی پورا نہیں دیاجاتا، عالمی وباء کے لیے محدود ذرائع میں بھرپور کام کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن پر روشنی ڈالتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران متاثرین کی مددہماری ترجیح ہے جس کے لیے ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ بھی مستحقین کی مالی امداد کر رہے ہیں تاکہ انہیں قومی دھارے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق جب صوبے کے ہسپتال چھیننا چاہتا ہے تو انہیں اٹھارہویں ترمیم یاد نہیں آتی جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر ادارے قومی مفاہمت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔
Exclusive Interview with Chairman PPP Bilawal Bhutto Zardari – https://t.co/7hTvwduuwQ via @BBCUrdu https://t.co/K5NOFtpMjl
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) April 27, 2020