واشنگٹن:چائنا میں حکام نے کورونا وائرس کے مزید 12 کیسوں کے سامنے آنے کا اعلان کیا ہے جب کہ کوئی نئی وفات نہیں ہوئی۔ادھر امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔جیسا کہ گزشتہ دنوں دیکھا گیا کہ مرنے والوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی تھی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں نیشنل ہیلتھ کمیٹی نے بتایاکہ ملک بھر میں کرونا کے 12 نئے متاثرین کا اندراج ہوا۔ اس سے قبل جمعرات کے روز 6 نئے کیس سامنے آئے تھے۔اس صورتحال کے بعد چین میں بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
تازہ ترین 12 متاثرین میں سے 11 کیس باہر سے آنے والوں میں پائے گئے ہیں۔چین میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں کی مجموعی تعداد 82816 ہو چکی ہے۔ ان میں 4632 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔جو ایک تشویش ناک خبر ہے۔
دوسری جانب امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے سبب 1258 مزید اموات کا اعلان کیا گیا ہے۔ جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق یہ تقریبا 3 ہفتوں کے دوران مرنے والوں کی سب سے کم یومیہ تعداد ہے۔اس طرح اب تک امریکا میں کرونا کے سبب فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 51017 ہو گئی ہے۔