اسلام آباد:تحریک انصاف کے چوبیسویں یوم تاسیس کے موقع پر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں تحریک انصاف کے چوبیسویں یوم تاسیس کے موقع پر تحریک انصاف کے تمام کارکنان اور قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص ان دوستوں کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں جو گزشتہ 24 سال سے عمران خان کی قیادت میں مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں،میں انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی محنت رنگ لے آئی ہے آج تحریک انصاف کی حکومت ہے،آج تحریک انصاف کے چیئرمین پاکستان کے وزیر اعظم ہیں اور اس کا سہرا آپ کو جاتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہمیشہ تبدیلی کی سیاست کی بات کی ہے، آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ عمران خان، شفاف انداز میں احتساب کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کی جانب گامزن ہیں،آپ دیکھ رہے ہیں کہ احساس پروگرام کے تحت کس طرح غریب اور پسے ہوئے طبقات کی معاونت کی جا رہی ہے۔
خارجہ محاذ پر عمران خان کی قیادت میں ہمیں بہت سی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اس بات کو محسوس کیا ہے،آخر میں مجھے ان کارکنان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو اس جدوجہد میں ہمارے ساتھ تھے اور اب ہم میں موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت نعیم الحق صاحب، احسن رشید صاحب، سلونی بخاری صاحبہ اور زاہرا آپا کی یاد آرہی ہے،انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ان کی جدوجہد رنگ لائی ہے اور ہم اپنی اگلی منزل مضبوط اور خوشحال پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔