لاہور:معروف اداکارہ ثنا نے کہا ہے کہ انسان کو اب معلوم ہوا ہے کہ زندگی کی اصل حقیقت کیا ہے، حالات معمول پر آ جانے کے بعد یقینا ہم دوبارہ اپنی مصروفیات میں مگن ہوجائیں گے لیکن میرے خیال میں یہ وقت ہمیں سبق دیکھنے کے لئے آیا ہے۔
ثناء نے کہا کہ ہمیں اس وقت کو ہر وقت یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔ اداکارہ ثنا نے کہا کہ زندگی کی اصل حقیقت یہ ہے کہ انسان جتنا مرضی با اثر، امیر اور طاقتور ہو جائے لیکن اس کی حیثیت کچھ نہیں اور ایک وباء نے دنیا کی مضبوط معیشتوں اور طاقتور حکمرانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور ان ممالک نے بھی اپنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں جو سمجھتے تھے کہ ہم سپر پاور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس مشکل اور کڑے وقت میں نہ صرف صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے بلکہ اس سے سبق بھی حاصل کرنا چاہیے۔ خدا کی ذات سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس وباء سے نجات دے تاکہ معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔آخر میں انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس وباء کے دوران مستحق غریب افراد کے لئے کوئی جامع پلان کے ساتھ کام کریں تاکہ وہ اس سے مستفید ہوسکیں۔