کراچی: سندھ تاجر اتحاد نے صوبائی حکومت کو گزشتہ روز تک کا وقت دیا تھا جو آج ختم ہو گیا ہے جس کے بعد تاجر برادری مارکیٹس کھولنے کے لیے ہنگامی اجلاس میں مشاورت کرے گی۔
سندھ حکومت کی طرف سے تاجر اتحاد کو مارکیٹس کھولنے کے لیے دیا گیا وقت گزشتہ شب 12 بجے ہی ختم ہوگیا تھا جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے پالیسی سازی پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکی۔
دوسری جانب سندھ تاجر اتحاد کے صدر جمیل پراچہ نے کہا کہ آج دوپہر کو ہم نے تاجر برادری کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں مارکیٹس کھولنے پر واضح فیصلہ کیا جائے گا۔
تاجر اتحاد سندھ کے صدر جمیل پراچہ نے کہا کہ سندھ حکومت اگر تاجر حضرات کو ہمارے متفقہ فیصلے کے بعد مارکیٹس کھولنے سے روکے گی تو اس پر لائحۂ عمل طے کر لیا جائے گا۔
جمیل پراچہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہے۔ کاروبار بند ہے۔ گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں جبکہ سندھ حکومت نے ہمیں کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔
الیکٹرونکس ڈیلر اور آل سٹی تاجر اتحاد کے مطابق سندھ حکومت تاجروں کو واضح جواب نہیں دے رہی جبکہ سندھ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی سے مشاورت کے بعد بھی مارکیٹس کھولنے کے پلان پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
صدر سندھ تاجر اتحاد کے مطابق آج دوپہر کے ہنگامی اجلاس میں تاجر برادری سر جوڑ کر بیٹھے گی اور دکانیں اور مارکیٹس کھولنے کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔