کراچی :شہر میں لینڈ مافیا سرگرم ہوگئی، لاک ڈاؤن کا سہارا لے کر پارک اجاڑ کر چائنہ کٹنگ کے مبینہ کروڑوں روپے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا، لاک ڈاؤن میں تعمیراتی کا م جاری رکھنے کے لیے تعمیراتی اشیاء کی بلیک میں فروخت شروع جاری ہے۔
اس گھناؤنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ناظم آباد میں پارک کو تعمیراتی سامان کاتھلا بنا دیا گیا ہے، غیر قانونی تعمیرات کے فروغ کے لیے مافیا نے ناظم آباد بڑامیدان ”ارشدزکی“پارک میں ر بجری اور بلاک جمع کر رکھے ہیں۔
یو سی 48 کے منتخب بلدیاتی نمائندے، علاقہ پولیس اور محکمہ باغات بلدیہ وسطی کے افسران کی ملی بھگت کے باعث سر سبز باغ کو اجاڑ دیا گیا، ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں لاک ڈاؤن کے باوجود اس جگہ سے بجری اور اینٹیں فروخت کی جارہی ہیں۔
اگلے مرحلے میں اسے مکمل تباہ کرنے کے بعد سیاسی چھتری تلے یہاں چائنہ کٹنگ کردی جائے گی اور کروڑوں روپے میں پارک کی جگہ پر پلاٹنگ کی منصوبی بندی کر لی گئی ہے،پارک کو بطور عید گاہ برسوں سے استعمال کیا جارہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یہ پارک سال میں 2 مرتبہ نماز عیدین اور روزانہ بچوں کی صحت مندانہ تفریح کے لیے استعمال ہوتا تھا، تاہم یونین کمیٹی نمبر 48کے وائس چیئرمین تابش جیلانی کی مبینہ اجازت سے تھلا کھولا گیا ہے،اس پارک کی حالت پہلے ہی بہت خراب ہے۔
واضح رہے کہ ”ارشد ذکی“پارک کی ”آہنی“ گرلیں پہلے ہی کاٹ کر یونین کمیٹی کے منتخب نمائندے فروخت کر چکے ہیں۔
کراچی میں پارک اجاڑ کر کئی رفاعی پلاٹوں چائنہ کٹنگ کی جا چکی ہے جس کے باعث کراچی کے سیکڑوں پارک،کھیل کے میدان، مسجد اور اسپتالوں کے لیے مختص جگہوں پر چائنہ کٹنگ کی جا چکی ہے۔
مزید پڑھیں:لینڈ مافیا نے ضلع غربی میں اپنی رٹ قائم کرلی، حکومت اور عدلیہ کو کھلا چیلنج