قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور بیٹسمین شاہد آفریدی کی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت خیبر پختونخواہ اور سندھ میں راشن بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ میں خیبر پختونخواہ میں آفریدی فاؤنڈیشن کی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں جبکہ ہم کے پی کے میں ”ڈونیٹ کرو نا“ کے نام سے راشن تقسیم کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے پشاور کا محاذ میں نے سنبھالا ہوا ہے جبکہ سندھ میں فاؤنڈیشن کے صدر جہانگیر خان موجود ہیں جس کے تحت 145 راشن بیگز آج کراچی کے علاقے گلشنِ حدید کے قریب پپری اور نصیر آباد میں تقسیم کیے گئے۔
شاہد آفریدی نے کہا آج راشن کی تقسیم کا 23واں روز ہے جبکہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے گھروں میں رہ کر زندگی کی حفاظت ممکن بنائیں اور مستحقین کی ہر ممکن امداد کریں۔
https://twitter.com/SAfridiOfficial/status/1251049130727784448