اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں حکومتی کاوشوں کو مناسب پیش طریقے سے پیش نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی سرزنش کردی۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کا فرض تھا کہ اعلیٰ عدلیہ کے سامنے حکومتی کاوشوں کو جامع انداز میں پیش کرتے۔
وزیر اعظم نے تمام کابینہ ممبران کی موجودگی میں معاون خصوصی برائے صحت کے رویے پر ناراضگی کا اظہارکیا اور کہا کہ ڈاکٹرظفر مرزا بطور معاون خصوصی صحت اعلیٰ عدلیہ کے سامنے حکومتی کاوشوں اور کوششوں کو جامع اور مودبانہ انداز میں پیش نہ کرسکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ اور ججز کو نہایت عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ عدلیہ کے سامنے غیرسنجیدہ یا غیرذمہ دارانہ رویہ ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔