پاک فوج کا طیارہ پنجاب کے شہر گجرات کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود آرمی کے دونوں پائلٹس شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک آرمی کا مشاق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جو آج صبح گجرات کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انسٹرکٹر پائلٹ میجر عمر اور اسٹوڈنٹ پائلٹ لیفٹیننٹ فیضان دونوں حادثے کے وقت طیارے میں موجود تھے جو شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق میجر عمر گجرات جبکہ لیفٹیننٹ فیضان چکوال کے علاقے کلر کہار کے رہنے والے تھے جنہوں نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔
بیان کے مطابق میجر عمر نے اپنے ورثاء میں ایک اہلیہ چھوڑی ہے جبکہ مشاق طیارے کے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔