نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ناول کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن دوران خواتین کوتحفظ فراہم کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عائد بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن کے بعد عالمی سطح پر گھریلو تشدد کی اطلاعات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس وباء کے تناظر میں عالمی جنگ بندی کے مطالبے کے چند دن بعد انہوں نے متعدد زبانوں میں جاری کردہ ایک بیان اور ویڈیو میں کہا کہ تشدد جنگ کے میدان تک ہی محدود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین اور لڑکیوں کے لئے اپنے گھروں میںخطرہ سب سے زیادہ بڑھ جاتا ہے جہاں انہیں سب سے زیادہ محفوظ ہونا چاہئے۔
گھریلو تشدد میں اضافے کوخوفناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے تمام حکومتوں سے خواتین پر تشدد کی روک تھام کو قومی منصوبوں کا ایک اہم حصہ بنانے کی اپیل کی۔
قومی کمیشن برائے خواتین کے مطابق بھارت میں نقل مکانی پر پابندیوں کے پہلے ہفتے میں گھریلو زیادتی کے واقعات کی عام تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ فرانس میں لاک ڈاؤن ہونے کے بعد گھریلو تشدد میں ایک تہائی اضافہ ہوا۔ آسٹریلیا میں گھریلو تشدد سے متاثرہ افراد میں 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ