اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فرانزک رپورٹ کے بعد ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ اورحکومتی ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ایف آئی اے رپورٹ میں اعلیٰ افسران کی طرف سے اپنی بنیادی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری نہ کرنے کی نشاندہی پر حکومتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔
حکومت کو پہلے ہی کورونا وائرس کے باعث عوام کو جلد ریلیف فراہم کرنے میں سرخ فیتے کی رکاوٹوں سے پریشانی ہے،جبکہ بیوروکریسی میں فوری اصلاحات پر غور بھی شروع ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اہم معاشی وزارتوں میں ڈاکٹر عشرت حسین کمیٹی کی اصلاحات کے فوری نفاذ کا امکان،معاشی وزارتوں میں اعلیٰ عہدوں پر مارکیٹ کی تنخواہ پر ماہرین کو تعینات کیا جائے گا۔
گریڈ 19 اور اوپر کے عہدے پر تعیناتی پروفیشنل امتحان میں اعلیٰ نمبر لینے سے ہی ممکن ہو گی۔وفاقی سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ افسران کی تعیناتی کارکردگی معیارات سے منسلک کر دی جائے گی۔
جبکہ حکومت میں شامل مفادات کے ٹکراؤ والے مشیروں کو تبدیل کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
بحران میں نامزد سیاسی افراد کی سازش روکنے کیلئے منتخب پارٹی ممبران کو وزارتیں دیئے جانے کا امکان بھی ہے۔