اسلام آباد:چین کی جانب سے امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا‘تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کی جانب سے بھجوایا گیا امدادی سامان وصول کیا۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر خارجہ نے 8 رکنی چینی طبی ماہرین کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا‘یہ چینی طبی ماہرین کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے خصوصی مہارت رکھتے ہیں‘چینی طبی ٹیم دوہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی طبی ماہرین کی معاونت سے کورونا کے خلاف نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی اور اس وبا سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے، عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو بروقت امدادی سامان بھجوانے پر چین کی حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین، کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی بھرپور معاونت کر رہا ہے‘پاکستان اور چین کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے قریبی اشتراک عمل اور تعاون جاری رکھیں گے۔