اسلام آباد:سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹا گرام سمیت تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس پر عوام نے الزام لگایا ہے کہ یہاں کورونا وائرس کے حوالے سے افراتفری پھیلائی جا رہی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیاپرکورونا وائرس کے حوالے سے مختلف شخصیات افراتفری پھیلانےمیں مصروف ہیں۔ غیرتصدیق شدہ خبروں اور غیر ملکی مریضوں کو پاکستانی شہری بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ مختلف امراض کا شکار مریضوں کی ہسپتال منتقلی کی ویڈیو بنا کر کر پوسٹ کی جارہی ہیں ہر بیماری کا مریض کرونا کا مریض ظاہر کرنے سے شہریوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے .
شہریوں کے مطابق سوشل میڈیا دیکھ کر لگتا ہے کہ کورونا کے علاوہ وہ باقی تمام بیماریاں ملک سے ختم ہو چکی ہیں۔ سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویہ سے شہری نفسیاتی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کاروائی نہ ہونے سے افواہوں کا بازار سوشل میڈیا پر گرم ہے جبکہ عوام سوشل میڈیا پر حساس قسم کے معاملات پر بھی سنجیدگی کا عملی مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔
یوٹیوب ، فیس بک پیجز اور واٹس ایپ گروپ ایڈمن فالورز بڑھانے کے لئے سنسنی پھیلانے میں سب سے آگے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر غریب عوام کے جذبات سے بھی کھیلا جا رہا ہے ۔راشن تقسیم کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر اپنے سیل نمبرز کے ساتھ ساتھ پوسٹ بھی شیئر کی جا رہی ہیں ۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے فون نمبرز اور زیادہ تر غلط معلومات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ عوام کا کہنا ہے کہ حکومتی نمائندوں کو چاہیے را شن تقسیم کے نمبر بھی میڈیا کو فراہم کیے جائیں جبکہ میڈیا پر جاری کردہ نمبر سے عوام کی پریشانی بھی حل ہوگی اور حکومت کو بھی مدد ملے گی۔ غریب دیہاڑی دار مزدوروں کو ابھی تک کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں ملا۔