اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کے روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے واک آؤٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کا اقدام سمجھ سے بالاتر ہے۔
شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے شہباز شریف سے درخواست کی کہ وہ پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق ایک اہم اجلاس سے چلے جانے کے بعد اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ کے رہنماؤں کے اجلاس سے دستبردار ہوگئے جب وزیر اعظم عمران خان تقریر مکمل کرنے کے بعد وہاں سے چلے گئے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے بلائے گئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کیا‘اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے ناراضگی کا اظہار کیا اور جب وزیراعظم اپنا خطاب مکمل کرنے کے بعد روانہ ہوئے تو شہباز شریف اور بلاول بھٹو بھی اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں، جو ان کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اب وقت نہیں ہے کہ تنقید کریں یا سیاست کریں‘یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے اور ہمیں اجتماعی طور پر کورونا وائرس سے جان چھڑانی ہوگی۔