کراچی: بلدیہ عظمی کراچی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن محمد رضوان خان نے کہا ہے کہ انہیں تجاوزات کے خاتمے پر لینڈ گریبرز کی جانب سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف کارروائی پر لینڈ مافیا نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
ڈی جی رینجرز، کمشنر کراچی،آئی جی سندھ، ڈی آئی جی کراچی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل۔پی ڈی اورنگی رضوان خان نے ”ایم ایم نیوز“کو بتایا کہ عملے اور مجھ سے بھتہ بھی طلب کیا گیا ہے۔2010کی چائنا کٹنگ میں ملوث افراد گلشن ضیاء میں سرکاری زمینوں پر قبضے کر رہے ہیں۔
واگزار کرانے پر سنگین نتائج کا سامنا‘تبادلے‘ گرفتار کرانے کی دھمکیاں اور میڈیا وار کی جا رہی ہے۔ میئر کراچی کو مکمل رپورٹ اور بھتہ بازی اور بلیک میلنگ کی سمری جمع کرادی ہے۔سات ایس ٹیز واگزار کرادیں۔ غیر قانونی تعمیرات اور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق زمینوں کے اسٹیٹس کو بحال کرنے میں سرکاری کام میں پرائیوٹ افراد مداخلت کر رہے ہیں۔
پروجیکٹ ڈائریکٹرنے کہا کہ ”کار“ سرکار (سرکاری کام) میں پرائیوٹ افراد مداخلت کر رہے ہیں۔ قانونی کارروائی اور سیکورٹی کے لئے میئر کراچی کے توسط سے گزارش کی ہے۔ مجھے اور میرے عملے کو پریشان کیا جا رہا ہے‘ اجازت ملتے ہی معاملے کی ایف آئی آر درج کرائیں گے۔
جھوٹے اور مذموم پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ملک اور سرکار عزیز ہے۔کسی لینڈ گریبر یا بلیک میلر سے نہیں ڈرتے۔ اللہ توکل پر خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔ قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں اور ادارے و سپریم کورٹ کے احکامات پر ہر صورت عمل کریں گے۔
اراکین سندھ اسمبلی اورنگی اور چیئرمین ڈی ایم سی ویسٹ کو بھی تفصیل بھیج دی ہے۔کورونا کی وجہ سے پرائم آپریشن التوا کا شکار ہے۔ مشینری اور نفری ملتے ہی گلشن ضیاء کو مکمل لینڈ گریبرز سے پاک و صاف کریں گے۔ دریں اثناء پروجیکٹ اورنگی کے انسداد تجاوزات کے عملے نے غیر قانونی تعمیر پلاٹ سیکٹر 6-E جو”ندی“ پر بنایا گیا تھا مسمار کردیا۔