کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یوروولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے متعلق مطلوبہ کٹس وصول کرنے کے بعد کورونا وائرس کی جانچ شروع کردی ہے۔مطلوبہ کٹس کی بدولت اسپتال میں مذکورہ وائرس سے نمٹنے کے لئے توانائی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایس آئی یو ٹی میں مستقل بنیادوں پر 3000 سے زیادہ ڈائیلاسز مریض آتے ہیں اور ان میں سے روزانہ 1000 مریض ڈائیلاسز کیے جاتے ہیں۔ مذکورہ بیماری کی جانچ کی سہولت جو مکمل طور پر مفت ہے‘ کلینیکل سرگرمیوں کو بڑھانے میں طویل فائدہ پہنچائے گی‘جبکہ 5000 ٹرانسپلانٹ مریض بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
مزید برآں، انسٹی ٹیوٹ کے کینسر یونٹ میں بھی 3000 سے زائد مریض روزانہ کی بنیاد پر آتے ہیں۔جن میں سے روزانہ کی بنیاد پر 150 مریضوں کو مکمل طور پر چیک کیا جاتا ہے۔ ایس آئی یو ٹی کی جانب سے صوبائی حکومت کی جانب سے ایس آئی یو ٹی کو دی جانے والی حمایت کو ایک سراہا گیا اور اچھا اقدام قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان مریضوں میں کورونا انفیکشن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کورونا کی وبا کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ان کی طبی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر پہلے ہی ایک الگ تھلگ وارڈ قائم کردیا گیا ہے۔
ایس آئی یو ٹی کی پریس ریلیز کے مطابق، جانچ کی سہولت ہفتے بھر میں چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگی۔ ایس آئی یو ٹی میں فراہم کردہ تمام علاج تمام مریضوں کے لئے مکمل طور پر مفت کیا جائے گا۔