جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 82 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 3 ہزار 285 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 95 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 95 ہزار 481 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 6 ہزار420 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 53 ہزار688 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے۔ وائرس کے تشویشناک کیسز کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 84 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔وائرس پاکستان اور ہمسایہ ممالک سمیت امریکا بھی پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عوامی جمہوریہ چین میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال کا انکشاف ہوا۔ یہ انکشاف چین یورپ تعلقات پر بنائے گئے ایک مشن نے کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں یورپ سے تعلقات پر بنائے گئے چینی مشن نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکھایا گیا کہ چین کورونا وائرس کے علاج کے لیے فائیو جی کا استعمال کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس کے خلاف فائیو جی کا استعمال جاری