واشنگٹن: امریکا کے مختلف شہروں میں بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جاری مسلم کش فسادات کے خلاف مظاہرین سڑکوں پر آ گئے۔
امریکا میں نیویارک، واشنگٹن ، شکاگو اور دیگر شہروں میں حالیہ مسلم کش فسادات اور مسلمانوں کے خلاف تعصب پر مبنی ظلم و ستم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔
مظاہرین نے متنازعہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف بھی احتجاج کیا جس کے تحت بھارت کے پورے ملک میں اقلیتوں کے خلاف تعصب پر مبنی ظلم و ستم جاری ہے۔
عوام نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے فاشسٹ نظرئیے اور متعصبانہ حکومت کو بے نقاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنانا بند کیا جائے۔
واضح رہے کہ نئی دہلی کے مسلم کش فسادات میں اب تک 42 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ دہلی میں مساجد پر تشدد پسند ہندوؤں کے حملے بھی جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی حالیہ ہندو مسلم فسادات پر عالمی برادری نے مداخلت نہ کی تو اس کے نتائج پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز وزیراعظم نے دہلی واقعات کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی مداخلت تک اس طرح کے واقعات نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیےتباہ کن ہوں گے۔
مزید پڑھیں: عالمی برادری نے مداخلت نہ کی تو نتائج تباہ کن ہوں گے، وزیراعظم