چین کے شہر ووہان سے شروع ہونیوالا کورونا وائرس پاکستان پہنچ گیا ہے، کراچی کے 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ، یہ نوجوان ایران سے چند روز قبل واپس پاکستان آیا تھا جبکہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کراچی کے نوجوان سمیت دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے دونوں کی حالت کو مستحکم قراردیتے ہوئے صورتحال پر مکمل کنٹرول کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کورونا وائرس آخر ہے کیا ؟
کورونا وائرس 1960ء میں متعارف ہوااور اب تک اس کی 13اقسام سامنے آچکی ہیں جن میں 7 جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہوسکتی ہیں ۔کورونا وائرس انفلوائزا کی ایک قسم ہے جو سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں منتقل ہوتا ہے جس سے متاثر ہ فرد کو سانس لینے میں تکلیف اور دشواری ہوتی ہےاور یہ وائرس دودھ دینے والے جانوروں اور پرندوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔
کورونا وائرس کی علامات
کورونا وائرس سے متاثرہ فرد میں فوری نہیں بلکہ2 سے 14 روز کے درمیان نزلہ، کھانسی، زکام، تیز بخار، سردرد، نمونیہ، پھیپھڑوں میں سوجن، سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہرہوتی ہیں۔
احتیاطی تدابیر
کورونا وائرس کے سدباب کیلئے تاحال کوئی ویکسین تیار نہیں کی جاسکی اس لئے ماہرین نے لوگوں کو چند احتیاطی تدابیر اختیارکرنیکا مشورہ دیا ہے۔
۔اپنے ہاتھوں کو بار باردھوئیں
۔سرجیکل ماسک پہنیں
۔ناک یا چہرے کو رگڑنے سے گریز کریں
۔پُرہجوم جگہوں پر جانے سے پرہیزکریں
۔ گلے کو خشک نہ رکھیں، تھوڑاتھوڑاپانی پیتے رہیں
۔ مصالحہ دار اور تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کریں
تیز بخار، کھانسی، نزلہ، زنام ہونے کی صورت میں فوری معالج سے رجوع کریں۔
کورونا وائرس کہاں سے آیا ؟
محقیقن کا کہنا ہے کہ کورونا چمگادڑوں میں پائے جانے والی اقسام سے ملتا جلتا سارس کی نوعیت کا وائرس ہے۔سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ کورونا وائرس سانپ کے بجائے چمگادڑوں میں پائے جانیوالے وائرس سے 96 فیصد تک مشابہت رکھتا ہے۔
کورونا وائرس کے جانوروں سے انسانی تک پہنچنے کیلئے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ محققین کے ماننا ہے کہ چین میں اڑتی چمگادڑ نے فضلے میں کورونا وائرس چھوڑا جہاں سے پینگولین نے فضلے سے یہ وائرس آگے منتقل کیا جو انسانوں تک پہنچ گیا۔
اب تک ہونیوالی ہلاکتیں
دسمبر2019 ء میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اب تک چین میں 27 سو کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہونے کے بعد موثر علاج سے لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم سعودی عرب میں بھی 3 سوکے قریب افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 18 افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔متحدہ عرب امارات ، بحرین ، عمان ،کویت ،جنوبی کوریا ،آسٹریلیا، تھائی لینڈ، امریکہ ، برطانیہ، ایران ، اٹلی جاپان، کینیڈا، فرانس سمیت 30سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے ۔
حکومتی اقدامات
حکومت پاکستان نے ایران میں کورونا وائرس کی اطلاعات ملتے ہیں ایران سے ملحقہ سرحد پر حفاظتی اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا تھا ۔ اس سے قبل چین میں موجود پاکستانی طلبہ کو بھی واپس نہ لانے کی پیچھے بھی یہی وجہ تھی کہ کورونا وائرس پاکستان نہ پہنچ جائے لیکن کسی وبائی مرض کو پھیلانے کے سلسلے میں فضائی سفر کانمایاں کردار ہوتا ہے جبکہ اس حوالے سے انتہائی سخت اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں اس کے باوجود اس جان لیوا مرض کا پاکستان پہنچنا قابل تشویش ہے۔