اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کے مسجد پر حملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیکولر قوتوں کو ظلم کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھارتی علاقے اشوک نگر میں شام 6 بجے کے وقت مسجد کی بے حرمتی کی خبر شیئر کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اشوک نگر میں ہندوتوا دہشت گرد قوتوں نے مسجد کی بے حرمتی کی۔ انہوں نے بد ترین ریاستی دہشت گردی کے دوران مسجد کے مینار پر چڑھ کر اس کا ہلال اتارنے کی کوشش کی۔
اس خبر پر ردِ عمل دیتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت میں متنازعہ شہریت بل کے شرمناک واقعے کا ایک اور رخ یہ ہے کہ بابری مسجد کی طرز پر ایک اور مسجد پر حملہ کیا گیا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میرے خیال میں بھارت میں سیکولر قوتوں کو بڑھتی ہوئی بربریت کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا۔
اس شرمناک واقعہ کا ایک اور رخ. بابری مسجد کی طرز پر ایک اور مسجد پر حملہ . میرے خیال میں بھارت میں سیکولر قوتیں کو بڑھتی ہوئی بربریت کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا۔ https://t.co/j8eLlCyPLf
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) February 25, 2020