کراچی: پاکستان کی قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر اعلان کیا ہے کہ چین کیلئے 15 مارچ تک تمام فضائی آپریشنز بند کیے جا رہے ہیں۔
قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق فضائی آپریشن کو توسیع دینے یا ختم کرنے کے حوالے سے باضابطہ فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے آج کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
یہ اقدام ہمسایہ ملک ایران میں مہلک کورونا وائرس پھیلنے کی خبر کے بعد اٹھایا گیا جہاں اب تک کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو چکی ہے۔
پاکستان نے گزشتہ ماہ بھی چین کے ساتھ فضائی آپریشنز بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستانی ائیر پورٹس پر کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے اسکینرز انسٹال کر دئیے گئے تھے۔
اس سے قبل کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پاکستان، ترکی اور افغانستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدوں کو بند کردیا۔
ایران میں کورونا وائرس کے باعث 44 افراد متاثر ہوئے جبکہ 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایرانی حکومت نے ملک میں تمام تعلیمی و ثقافتی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا وائرس مزید نہ پھیل سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے کورونا وائرس کے باعث ہمسایہ ملک ایران میں جانی نقصان پر برادر ملک سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایران میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تشویش ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان کو ایران کے شہر قم میں کورونا وائرس کی وبا پر بے حد تشویش ہے جس کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
مزید پڑھیں: حکومت کا ایران میں کورونا وائرس سے جانی نقصان پر اظہارِ تشویش