کراچی: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے پیش گوئی کی ہے کہ اگر حکومت بجلی اور گیس کے نرخوں اور ریفنڈ کے معاملات پر قابو پالے تو آئندہ 5 سال میں برآمدات دو گنی ہوجائیں گی۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین آصف انعام نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبۂ ٹیکسٹائل اپنی پیداواری حدود کو چھو چکا ہے اور ہم مزید آرڈرز پورے نہیں کرسکتے۔
سابق چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ شعبہ ٹیکسٹائل پیداواری صلاحیت مکمل طور پر استعمال کر رہا ہے جس سے زیادہ اس میں گنجائش ہی موجود نہیں۔
آصف انعام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 24 سے 25 ارب ڈالر کا ہدف آسانی سے پورا ہوجائے گا، تاہم مزید آرڈرز پورے کرنے کی گنجائش موجودہ ٹیکسٹائل یونٹس میں نہیں ہے۔
ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے باعث چین کے تمام صارفین پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ عالمی خریداروں کا پاکستان کی طرف آنا خوش آئند ہے، تاہم ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل پر قابو پانا زیادہ اہم ہے۔