اسلام آباد:پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما و رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے بھارتی رہنما اسد اویسی کے جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج آپ کا نظریہ جل رہا ہے۔
بھارت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور چار بار رکنِ پارلیمان رہنے والے مسلمان رہنما اسد الدین اویسی کے جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی ویڈیو آج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں اسد الدین اویسی جب جلسے سے خطاب کے لیے آتے ہیں تو اسٹیج پر موجود ایک لڑکی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگواتی ہے جسے مزید بات کرنے نہیں دی جاتی، تاہم اسد اویسی اسی دوران غائب ہوجاتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ایویسی صاحب کہاں کہاں تک روکو گے اور کس کس کو پاکستان زندہ باد کے نعروں سے روکو گے؟
رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ آپ کا نظریہ سڑ رہا ہے اور نظریہ پاکستان اور دو قومی نظریہ اُبھر کر سامنے آ رہا ہے۔ آپ کے پُرکھوں نے ہمارے آباو اجداد کو پاکستان جانے سے روکا تھا۔
عامر لیاقت حسین نے کہا کہ اسد اویسی کے آباو اجداد نے اتفاقاً نہیں بلکہ اپنی مرضی سے ہندوستان میں رہنا پسند کیا۔ دُعا ہے کہ وہیں رہیں۔
اویسی صاحب کہاں کہاں تک روکو گے؟؟
کس کس کو روکوگے؟تمہارا نظریہ سڑ رہا ہے اور نظریہ پاکستان ابھر رہا ہے، تمہارے پُرکھوں نے ہمارے اجداد کو پاکستان جانے سے منع کیا تھا اور تم by chance نہیں by choice وہیں رہے تھے، دعا دیتا ہوں کہ وہیں رہو!! @asadowaisi
@AUOYI pic.twitter.com/lJHtOjNZ4N— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) February 20, 2020