اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں، بلکہ اس کا بنیادی مقصد صرف شہریوں کا تحفظ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظرثانی کا اجلاس ہواجس میں وزارت اطلاعات، داخلہ و قانون، آئی ٹی اور پی ٹی اے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں حال میں بنائے گئے سوشل میڈیا رولز پر ردعمل اور مجوزہ قوانین کے پیش نظر آذادی اظہار پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم نے مجوزہ قوانین پر عملدرآمد سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کر دی۔
اجلا س میں مجوزہ قوانین کے پیش نظر آزادی اظہار پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں، بلکہ اس کا بنیادی مقصد صرف شہریوں کا تحفظ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بچوں، اقلیتوں اور مذہبی معاملات سمیت قومی سلامتی کے تحفظ کے پیش نظر یہ قانون بنایا جا رہا ہے، سنگاپور اور برطانیہ سمیت بہت سے ممالک ایسے قوانین سامنے لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی بدلتے حالات و واقعات کے پیش نظر ایسے قوانین لا رہا ہے، تاہم سوشل میڈیا کے قانون پر عمل درآمد سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور ان کی گئی تجاویز کو مجوزہ قانون میں شامل کیا جائے۔