اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے ، انہوں نے کہا کہ گندم چینی و دیگر اشیائے خردو نوش کے اسٹاک کا حقیقی ڈیٹا اور طلب و رسد کے حوالے سے درست تخمینوں پر توجہ دی جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں اسد عمر،خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان، متعلقہ وفاقی سیکریٹری صاحبان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید تیز اور موثر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاگیا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری طور پر گندم خرید نے کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا ۔
اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ مثلاً گندم، چینی، گھی،آلو، ٹماٹر پیاز اور دالوں کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ حد تک کمی لانے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب اور خیرپختونخواہ کی صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے فوری طور پرتجاویز کا جائزہ لیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا ۔
چینی کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے لئے فیصلہ کیا گیا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ تھرڈ پارٹی ایویلیوئیشن کے ذریعے چینی کی قیمت کا تعین کرے گا تاکہ سرکاری سطح پر چینی کا مناسب ریٹ مقرر کیا جاسکے۔
عالمی مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں ہونے والے ردبدل کے پیش نظر کامرس ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک طریقہ کار طے کرے تاکہ عالمی منڈی میں گھی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: تاجروں کا کرپشن کرنے والے افراد کو موت کی سزا دینے کا مطالبہ