لاہور: کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں ایران کو شکست دے کر پاکستان نے رسائی حاصل کرلی جبکہ بھارت پہلے ہی فائنل میں موجود ہے، روائتی حریفوں کے درمیان فائنل مقابلہ کل شام 7 بجے ہوگا۔
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں جاری کبڈی کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو 30 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس سے ہرا دیاجبکہ بھارت نے آسٹریلیا کو 32-42 کے اسکور سے مات دی ۔
پاکستان نے ایران کے خلاف زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے برتری ثابت کی، ہاف ٹائم پر پاکستان کو 17 کے مقابلے میں 29 پوائنٹس کی سبقت تھی۔
دوسری جانب بھارت اور آسڑیلیا کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ہاف ٹائم پر بھارت کو 14 کے مقابلے میں 28 پوائنٹس کی سبقت حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں بھی بھارتی ٹیم نے خوب داؤ پیچ لگائے اور مدِمقابل ٹیم پر غلبہ برقرار رکھا، اسٹیڈیم میں موجود تماشایوں کی بڑی تعداد نے دونوں ٹیموں کو عمدہ کھیل پر بھرپور داد دی۔
رواں ایونٹ میں پاکستان اور بھارت فائنل میں پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے اور دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہی ہیں، فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا جب کہ رنر اپ کو 75 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
اتوار کو شیڈول ورلڈکپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کی شام 7 بجے لاہور میں ہوگاجس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد متوقع ہے۔