واشنگٹن:امریکی تھنک ٹینک سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مجموعی معاشی آزادی کے اسکور میں 0.6 پوائنٹ اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق عدالتی کارکردگی اور املاک کے حقوق کے لیے اعلیٰ اسکورز کے ساتھ مالیاتی آزادی اور مالی صحت میں کمی دیکھی گئی جس کی وجہ سے مجموعی معاشی آزادی میں اضافہ آیا۔
ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی جانب سے مرتب کردہ اکنامک فریڈم انڈیکس 2019 میں 0 سے لے کر 100 کے اسکیل میں 55.0 پوائنٹس دیے جانے کے بعد پاکستان 186 ممالک کی فہرست میں 131 ویں آزاد معیشت بن گیا۔
ٹرمپ انتظامیہ سے قریبی تعلق رکھنے والا کنزرویٹو تھنک ٹینک ہیریٹیج فاؤنڈیشن گزشتہ 25 برس سے یہ رپورٹ مرتب کررہا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان 2018 میں بھی 54.4 اسکور کے ساتھ 131ویں آزاد معیشت تھا۔
ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے رپورٹ کیا کہ 2018 میں کاروبار میں آسانی اور حکومتی سالمیت کی وجہ سے مالی صورتحال میں نمایاں بہتری کے ساتھ پاکستان کے مجموعی اسکور میں 1.6 پوائنٹس اضافہ ہو اتھا۔یہ 2017 کے بعد ایک بڑی بہتری تھی جب پاکستان 52.8 اسکور کے ساتھ 141ویں آزاد معیشت تھا۔
ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے مطابق معاشی آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی مزدوری اور جائیداد کو کنٹرول کرے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ معاشی طور پر آزاد معاشرے میں لوگ جس طرح چاہیں کام کرنے، پیداوار، استعمال اور سرمایہ کاری کرنے میں آزاد ہوتے ہیں۔
ہیریٹیج فاؤنڈیشن قانون کی حکمرانی، حکومت، ریگولیٹری کارکردگی اور اوپن مارکیٹ تک رسائی کی بنیاد پر معاشی آزادی کی پیمائش کرتی ہے۔اس حوالے سے ڈیٹا سرمایہ کاروں، کاروباری اور فنانس لیڈرز، پالیسی میکرز، اکیڈمکس،صحافیوں اور اساتذہ کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: رواں سال کے دوران قومی معیشت بہتر ہوگی اورمہنگائی میں کمی ہوگی، وفاقی وزیر اسد عمر