اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کر لی ہے، یہ اقدام 3 وزراء کی برطرفی کے بعد اٹھایا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کو ہدایت کی ہے کہ تمام صوبائی وزراء اور مشیروں پر تحریکِ انصاف کے قواعد و ضوابط کی پابندی لازمی ہے۔
رپورٹ طلب کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کو صوبائی وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
حکومتی امور سے متعلق ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے تمام اراکین کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی امور کی انجام دہی میں نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔
عمران خان نے کہا کہ صوبائی وزراء کو اپنی کارکردگی پر پہلے سے زیادہ توجہ دینا ہوگی تاکہ صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود پر پہلے سے زیادہ توجہ سے کام جاری رکھا جاسکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سینئر صوبائی وزیر عاطف خان، وزیر صحت شہرام تراکئی اور وزیر مال و ریونیو شکیل احمد کوخیبر پختونخواہ کابینہ سے فارغ کردیا گیا، تینوں صوبائی وزراء کو ایک ہی الزام کے تحت فارغ کیا گیا۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے تحت تینوں صوبائی وزراء پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کے خلاف بغاوت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں 3 وزراء عہدوں سے فارغ کردئیے گئے