کراچی: شوگر ملوں نے گنے کی زائد قیمتوں میں دستیابی، 5فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ اور ایکسل لوڈ کے مسائل کوچینی کی قیمتوں میں اضافے کاباعث قرار دیدیا ہے۔
رواں سیزن میں گنے کی پیداوارمیں کمی اور زائد قیمتوں کے باعث شوگرملوں میں چینی کی فی کلوگرام پیداواری لاگت بڑھ کر77روپے تا78روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے جس سے خدشہ ہے کہ خوردہ سطح پر فی کلوگرام چینی 85روپے سے تجاوز کرجائے گی۔
پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین تارا چند نے اس ضمن میں بتایاکہ شوگر ملیں زائد پیداوار لاگت کے باوجودفی کلوگرام چینی کی انڈر کاسٹ قیمت پر 71روپے فی کلوگرام ایکس مل کے حساب سے فروخت کررہی ہیں جبکہ تھوک مارکیٹوں یہ چینی 73روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے اورخوردہ سطح پرفی کلوگرام چینی 78روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔
تارا چند نے بتایا کہ رواں سال گنے کی پیداوار میں 15فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے، حکومت کی جانب سے گنے کی فی من سرکاری قیمت 192روپے مقرر کرنے کے باوجود شوگرملوں کو کاشتکار اوسطا240روپے فی من پرگنا فراہم کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں:منصوبہ بندی سے لایا گیا آٹے کا بحران حکومت کے خلاف سازش ہے۔محمود مولوی