اسلام آباد: ذخیرہ اندوز مافیا آٹے اور چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد پولٹری چکن (مرغی) بھی مہنگی کرنے کے لیے تیار ہوگیا ہے۔ مرغی مہنگی کرکے ایک نیا بحران لانے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی۔
باخبر ذرائع کے مطابق حکومت آٹے اور چینی کی طرح چکن کے ممکنہ بحران سے تاحال لاعلم نظر آتی ہے۔ ذخیرہ اندوز اور گراں فروش مافیا ملک میں تیار چکن کی کھیپ کو خرید کر محفوظ کر لے گا۔
ذرائع کے مطابق مافیا تیار چکن خرید کر بڑے بڑے اسٹورز میں محفوظ کرنے کے بعد ملک میں مصنوعی بحران پیدا کرے گا جس کے بعد چکن کے دام بڑھا کر اسے فروخت کرکے اربوں کا منافع کمایا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں پولٹری کی صنعت کے تحت ہر روز کروڑوں کا کاروبار کیا جاتا ہے جو ایک دم ٹھپ ہوجائے گا جس سے گوشت کے چھوٹے دکانداروں کا روزگار عارضی طور پر بند ہونے کا خدشہ ہے۔
حکومت کی طرف سے آٹے اور چینی کی طرح ممکنہ پولٹری چکن کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے نئے طوفان سے نمٹنے کے لیے بھی تاحال کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ حکومت ممکنہ بحران سے تاحال لاعلم ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں کے 5503 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف میں مزید265 ارب روپے کی کمی کردی۔ نیا ہدف5238ارب روپے مقرر کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ روز ایف بی آرنے رواں مالی سال کیلیے نظر ثانی شدہ اہداف تمام ماتحت اداروں کو بھجوادیئے اور ہدایت کی کہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کے ٹیکس وصولی اہداف میں 265ارب روپے کمی