لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم بنگلہ دیش سے جیت کر ٹی ٹوئنٹی میں پہلی عالمی پوزیشن برقرار رکھنا چاہتے ہیں، غلطیاں نہ دہرانے کی کوشش جاری رہے گی۔
بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مہمان ٹیم اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو پاکستانی ٹیم کا حصہ ہونا چاہئے۔انتخاب کے دوران رائے دے چکا ہوں۔
پچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں وکٹ بظاہر سست نظر آتی ہے، امید ہے اسکور کو 180 یا 190 تک لے جاسکیں گے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم پر تبصرہ کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہماری تیاری اچھی ہے۔ باؤلرز اچھا کھیل پیش کریں گے۔ شاہین آفریدی کے ساتھ ساتھ حارث رؤف کو بھی فارم میں دیکھ رہا ہوں۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے دوران احسان علی اور حارث رؤف دونوں کا ڈیبیو ممکن ہے، جس کا حتمی فیصلہ ٹیم میٹنگ میں کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلیں، حفاظتی انتظامات پر زیادہ دھیان نہیں دے رہے۔ پاکستانی ٹیم اچھی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے لاہور پہنچ گئی۔پی سی بی کی طرف سے ذاکر خان نے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر ٹیم کا استقبال کیا۔ٹیم کو سخت سکیورٹی میں نجی ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
بنگلا دیش ٹیم کپتان محمود اللہ ، تمیم اقبال، نجم الحسن شانتو، سومیا سرکار، نعیم شیخ، لٹن کمرداس، مہدی حسن، امین الاسلام، ایم ڈی متھن، عفیف حسین دھرو، مصطفیٰ الرحمان، شفیع الاسلام ، روب ،حسن محمود اورالامین حسین، پر مشتمل ہے۔
مزید پڑھیں: بنگلا دیش ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی