اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا ہےجس میں تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو جو تین نام بھجوائے گئے ہیں ان میں تینوں نام سابق وفاقی سیکرٹریز کے ہیں جن میں جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ شامل ہیں، نئے ناموں میں صرف سکندر سلطان راجا شامل ہے، سکندر سلطان کا نام بابر یعقوب کی جگہ شامل کیا گیا ہے
وزیراعظم عمران خان نے خط میں تحریر کیا ہے کہ بامعنی اور نتیجہ خیز مشاورت اور طویل عرصے سے زیرالتوا مسئلے پر دیگر کوششوں کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے لیے ازسرنو پینل کی تجویز دے رہا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 213 کی شق 2اے کے تحت پہلے بھی 3 نام ارسال کیے تھے،آپ کو ازسر نو تشکیل کیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔
یاد رہے کہ 5 دسمبر 2019 کو سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان اپنی مدت مکمل کر کے ریٹائر ہوگئے تھے، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر دو ارکان کے ناموں پر حکومت اور اپوزیشن میں اب تک ڈیڈ لاک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی جائیدادیں منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت 14 روز تک ملتوی