کراچی: محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ بارش کے قوی امکانات کے پیش نظر سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق تربت، پنجگور، قلات، کوئٹہ اور آواران کے اضلاع میں موسلادھار بارش سے طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین کے اضلاع میں شدید برفباری کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق کراچی میں سائبیرین ہوائیں چل رہی ہیں، ہواؤں کی رفتار 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سرد شمال مشرقی ہواؤں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کیا ہے۔
شہرِ قائد میں کم از کم درجہ حرارت 14 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوپہر کے وقت شروع ہونے والی بارش رات تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شدید دھند اور سردی کی لہروں نے ملک بھر کے متعدد میدانی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ دھند بالائی سندھ کے علاقوں کو متاثر کرے گی۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی جبکہ اگلے چند دنوں تک پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بالائی سندھ کے متعدد علاقوں میں دھند کی پیشگوئی کی گئی۔
مزید پڑھیں: سردی کی لہریں ملک بھر کے علاقوں کو لپیٹ میں لینے لگیں