آج کراچی میں شدید گرمی اور حبس کا راج ہے، جہاں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شہر میں نمی کی بلند شرح اور دیگر ماحولیاتی عوامل کے باعث محسوس کی جانے والی گرمی 38 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو شہریوں کے لیے خاصی تکلیف دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ تیز اور مرطوب سمندری ہوائیں بحیرہ عرب کی سمت سے مسلسل شہر کا رخ کیے ہوئے ہیں۔
ہوا کی رفتار 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جو گرمی کی شدت کو وقتی طور پر کم کرنے میں مددگار تو ہے لیکن ہوا میں موجود نمی کی مقدار گرمی کے احساس کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔
موسمی ماہرین نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپ کر رکھیں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور ضعیف، بیمار اور بچوں کو خاص طور پر گرمی سے محفوظ رکھیں۔
دوسری جانب شہر میں گرمی کی شدت کے باعث ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں محکمہ صحت اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے ٹھنڈے پانی اور سایہ دار جگہوں کے عارضی کیمپس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
یہ موسم اس بات کا عندیہ بھی دے رہا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے موسم کی شدت برقرار رہ سکتی ہے، اور اگر ہواؤں کی سمت یا رفتار میں کوئی بڑی تبدیلی نہ آئی تو گرمی کی یہ لہر آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔