پنجاب کریکیولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTA) کی جاری کردہ گیارہویں جماعت کی کیمسٹری کی نصابی کتاب میں ماحولیاتی آلودگی کے باب میں تاریخی غلطی سامنے آئی ہے، جہاں دہلی کے تاریخی ریڈ فورٹ کی تصویر کو لاہور کے شاہی قلعہ کے طور پر شائع کیا گیا ہے۔
کیمسٹری کی نصابی کتاب میں مذکورہ تصویر “سموگ کے اثرات پر تاریخی عمارتیں” کے عنوان سے کتاب کے اس چپٹر میں شامل کی گئی تھی تاہم یہ واضح ہے کہ تصویر دہلی کے مشہور لال قلعے کی ہے لاہور کے شاہی قلعہ کی نہیں ہے۔
یہ نصابی کتاب صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میؐ گیارہویں جماعت کی کیمسٹری کلاسز میں لازمی طور پر پڑھائی جاتی ہے، تاریخی غلطی پر تعلیمی حلقوں میں شدید ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
ماہرین تعلیم نے اس کو “ثقافتی توہین” سے تعبیر کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ ایسی خامیاں طالب علموں کے ذہنوں میں غلط تاریخی تاثر پیداکر سکتی ہیں۔
شفاف تحقیق اور مشاہدات کے بغیر تاریخی مواد کو تدریس کے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کریکیولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTA) کی جانب سے کوئی باقاعدہ وضاحت یا معافی نامہ جاری نہیں کیا گیا تاہم پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقی انکوائری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پنجاب کے وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی بنیاد پر شامل افراد یا اداروں کے خلاف “مناسب کارروائی” کی جائے گی، تاکہ مستقبل میں ایسی غلطیاں دہرائی نہ جا سکیں۔