ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے 60 اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور ایٹمی سائنس دانوں کی تدفین ہفتے کی صبح تہران میں سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔
شہر کی اہم شاہراہوں پر نکالے گئے جنازوں کے جلوس میں ہزاروں شہری شریک ہوئے، جن کے ہاتھوں میں ایرانی پرچم اور شہداء کی تصاویر تھیں۔یہ تدفین ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب جنگ بندی کو چار دن ہو چکے ہیں تاہم خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
انقلاب چوک سے آزادی چوک تک پھیلے اس جلوس میں لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی تصاویر میں سوگواروں کی آنکھوں میں غم اور وطن سے وابستگی کا عزم جھلک رہا تھا۔
یاد رہے کہ ایرانی وزارت صحت کے مطابق، 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے شروع ہونے والے اچانک حملوں میں اب تک 627 ایرانی شہری ہلاک ہوئے، جن میں چار خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔ ان حملوں میں ایران کے اہم فوجی رہنما، جنرل محمد باقری، حسین سلامی اور امیر علی حاجی زادہ بھی جاں بحق ہوئے۔