کراچی میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو گزشتہ 38 گھنٹوں سے شدید پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان عبدالقادر شیخ کے مطابق بریک ڈاؤن 26 جون کی رات 10 بجے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد کے ٹو اور کے تھری پمپ ہاؤسز کی بجلی معطل ہو گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اب تک صرف کے ٹو پمپ ہاؤس کی بجلی بحال کی گئی ہے، جبکہ کے تھری پمپ ہاؤس کی بجلی مکمل طور پر بحال نہیں کی جا سکی۔
بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث کے تھری پمپ ہاؤس کے دو اہم پمپ بند ہیں جس سے شہر بھر میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق گزشتہ 38 گھنٹوں کے دوران شہر کو پانی کی 171 ملین گیلن کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ناظم آباد، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور دیگر کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی میں نمایاں خلل پیدا ہوا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن کے حکام کے الیکٹرک انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں اور بجلی کی فوری مکمل بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاہم فالٹ تاحال درست نہیں کیا جا سکا۔
شہری حلقوں نے بجلی کے طویل تعطل اور پانی کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔