دبئی: دنیا کے سب سے بڑے تجارتی مرکز “دبئی مال” میں ایک حیرت انگیز اور متاثر کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے ایک معروف فرانسیسی ریستوران میں موجود تمام مہمانوں کا کھانے کا بل اپنی جیب سے ادا کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں شاہی شخصیات سادہ لباس میں اور بغیر کسی پروٹوکول کے دبئی مال کے ایک اعلیٰ درجے کے فرانسیسی ریستوران میں داخل ہوئیں۔
انہوں نے نہایت وقار اور خوش دلی کے ساتھ مہمانوں کو سلام کیا، عملے سے دوستانہ انداز میں گفتگو کی، اور عام شہریوں کی طرح پُرسکون ماحول میں کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔
ریستوران میں موجود افراد نے بتایا کہ جب کھانے کے اختتام پر انہوں نے بل طلب کیا، تو عملے نے اطلاع دی کہ تمام مہمانوں کے بل پہلے ہی شیخ حمدان اور شیخ خالد ادا کر چکے ہیں۔ اس خبر نے وہاں موجود تمام افراد کو حیرت اور خوشی میں مبتلا کر دیا۔
When Abu Dhabi Crown Prince and Dubai Crown Prince casually take a walk in Dubai Mall.
No guards
No closures
No protocols
This is Dubai, UAE 🇦🇪 pic.twitter.com/kyMIS7g2jO
— حسن سجواني 🇦🇪 Hassan Sajwani (@HSajwanization) June 25, 2025
ذرائع کے مطابق اس روز ریستوران میں موجود مہمانوں کے کھانوں کا مجموعی بل تقریباً 30000 اماراتی درہم، یعنی لگ بھگ 23 لاکھ پاکستانی روپے کے قریب تھا، جو شاہی مہمانوں نے مکمل طور پر خود ادا کیا۔
ریستوران کی انتظامیہ نے بعد ازاں انسٹاگرام پر شیخ حمدان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اس لمحے کو ادارے کے لیے اعزاز قرار دیا۔
عملے کے مطابق دونوں ولی عہد نہایت عاجزی، شائستگی اور خلوص سے ملے، اور ان کی سادگی و فیاضی نے ریستوران کے عملے اور تمام مہمانوں پر گہرا اثر چھوڑا۔
یہ واقعہ نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی اماراتی شاہی خاندان کی انسان دوستی، انکساری، اور سماجی شعور کی ایک خوبصورت مثال کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔