برطانوی اداکار اورلینڈو بلوم کو حال ہی میں گلوکارہ کیٹی پیری سے اپنی نو سالہ طویل رفاقت سے علیحدگی کے بعد امریکی ماڈل و کاروباری شخصیت کم کارڈیشین کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پائیریٹس آف دی کیریبین کے معروف اداکار اورلینڈو بلوم، جو اب کیٹی پیری سے باضابطہ علیحدہ ہو چکے ہیں، کو حال ہی میں اٹلی کے شہر وینس میں کم کارڈیشین، ان کی بہن کلوئی کارڈیشین اور والدہ کرِس جینر کے ساتھ گرمجوشی سے ملتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ ملاقات ایمیزون کے بانی جیف بیزوس اور ان کی منگیتر لارن سانچیز کی شادی کے موقع پر ہوئی، جسے “صدی کی شادی” قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ مشہور شخصیات گرِٹی پیلس ہوٹل میں دوپہر کے کھانے پر ایک دوسرے سے ملیں۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب اورلینڈو بلوم اور کیٹی پیری کی علیحدگی کی افواہیں زوروں پر تھیں جن کی تصدیق کچھ معروف غیر ملکی شوبز میگزینز نے اندرونی ذرائع کے حوالے سے بھی کی۔
ذرائع کے مطابق کیٹی پیری اور اورلینڈو بلوم جو کہ 2016 سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے، اب مکمل طور پر اس رشتے کو ختم کر چکے ہیں اور اس بار دونوں “معاملات سدھارنے کے قابل نہیں رہے۔
یاد رہے کہ اس مشہور جوڑی نے فروری 2019 میں منگنی کی تھی جب انہوں نے ایک بار پھر تعلقات استوار کیے تھے اور اگست 2020 میں ان کے ہاں بیٹی ڈیزی ڈوو بلوم کی پیدائش ہوئی۔