کراچی میں مون سون سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں درمیانے درجے سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
جمعہ کو ڈی ایچ اے، کلفٹن، کورنگی، کورنگی کراسنگ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کے مناظر ریکارڈ کیے گئے جبکہ ڈی ایچ اے فیز 7 سے بارش کے تازہ ترین ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آئی ہیں۔
محکمہ موسمیات اور نجی ماہرینِ موسمیات کے مطابق اس وقت مون سون سسٹم کا مرکزی دباؤ بحیرہ عرب میں پوربندر کے قریب موجود ہے جو کراچی سے تقریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
یہ سسٹم آہستہ آہستہ کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے اور جمعہ کی رات سے اتوار تک شہر پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔
حکام کے مطابق ہفتہ کا دن اور ہفتہ کی رات یہ سسٹم اپنے عروج پر ہوگا اور کراچی میں گرج چمک، آندھی اور موسلا دھار بارشوں کے قوی امکانات موجود ہیں۔
خاص طور پر شہر کے جنوبی اور مشرقی علاقوں جیسے بحریہ ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، گلشنِ حدید، سعدی ٹاؤن، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، اور ملیر میں شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس وقت طاقتور تھنڈر اسٹورمز حیدرآباد سے نکل کر نوری آباد تک پہنچ چکے ہیں اور بحریہ ٹاؤن کے شمال مشرق میں گرج چمک کے ساتھ بادل چھا گئے ہیں۔
اگر ان تھنڈر اسٹورمز کی شدت برقرار رہی تو آئندہ چند گھنٹوں میں شہر کے کئی علاقوں میں مون سون کی پہلی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات اور شہری انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلی جگہوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور نکاسی آب کے نظام پر نظر رکھیں۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کی شدت اور مدت کا انحصار بحیرہ عرب میں موجود سسٹم کی طاقت اور تھنڈر اسٹورمز کے رخ پر ہوگا، جنہیں مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔