بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے مالک، شاہ رخ خان نے کیریبین پریمیئر لیگ کے نئے سیزن کے لیے دو پاکستانی کھلاڑیوں، محمد عامر اور عثمان طارق کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ محمد عامر پہلے بھی اس لیگ کا حصہ رہ چکے ہیں، جبکہ عثمان طارق پہلی بار اس سیزن میں ڈیبیو کریں گے۔
ان کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھارتی ہندو انتہا پسندوں نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے خلاف مہم چلائی اور انہیں دھمکیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستانی کھلاڑیوں کو موقع دینا حب الوطنی کے خلاف ہے۔
شاہ رخ خان نے ماضی میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کی ہے اور کہا تھا کہ وہ بہترین ٹی20 کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ بھارتی پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔
ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے سوشل میڈیا پر جاری مہم پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی معاہدہ منسوخ کرنے پر ابھی تک غور کیا ہے۔
کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، گرمی کے ستائے شہریوں سے سکھ کا سانس لیا
ناطم آباد، نارتھ کراچی، شاہراہ فیصل، صدر سمیت شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ابر رحمت جم کر برسا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے
کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں جمعرات کو کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا،جبکہ بعض علاقوں میں آندھی اور مٹی کے طوفان نے معمولات زندگی کو متاثر کیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز دن کے مختلف اوقات میں ہوا، جہاں بعض مقامات پر ہلکی رم جھم تو کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملیر، گلشن حدید، میمن گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، رزاق آباد اور بھینس کالونی میں وقفے وقفے سے بارش نے شہریوں کو گرمی سے ریلیف دیا۔
شہر کے دیگر علاقوں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، منگھوپیر، شارع فیصل، صدر اور گلشن اقبال میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کے دوران ہوائیں بھی شدت کے ساتھ چلیں۔
شہری علاقوں کے علاوہ اسٹیل ٹاؤن، پپری، پورٹ قاسم، گھگھر پھاٹک، کاٹھو، گڈاپ، ایم نائن موٹروے اور ایئرپورٹ کے اطراف میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ایئرپورٹ کے قریب تیز بارش کے باعث پروازوں کے شیڈول پر بھی جزوی اثر پڑنے کی اطلاعات ہیں۔
کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ کے کئی دیگر علاقوں میں بھی موسم نے کروٹ لی۔ حیدرآباد، قاسم آباد، لطیف آباد، ٹھنڈی سڑک اور آٹو بھان روڈ پر تیز بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
سکھر میں تیز بارش کے باعث 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ میرپورخاص، مٹیاری اور سانگھڑ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم کو تو خوشگوار کر دیا، لیکن کئی علاقوں میں آندھی اور مٹی کے طوفان نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
شکارپور اور گردونواح میں آندھی کے ساتھ دھول بھرے طوفان نے قومی شاہراہ اور انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا۔ ٹنڈوالہٰیار میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ ٹنڈو محمد خان میں تیز ہوا کے باعث متعدد کچے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔