مشہور ٹک ٹاک اسٹارز ربیکا خان اور حسین ترین شادی کے بندھن میں بندھ گئے،یہ شاندار تقریب قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں منعقد ہوئی جس میں خوشی، جذبات اور محبت کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔
ربیکا خان اور حسین ترین نے اپنی نکاح کی تقریب کی جھلکیاں انسٹاگرام پر شیئر کیں جن میں جوڑے کو ایک دوسرے کے ساتھ خوشی اور جذبات بھرے لمحات میں عہد و پیمان کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ دونوں کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی اور ہر منظر محبت اور اپنائیت سے لبریز تھا۔
اس موقع پر ربیکا خان نے گہرے سرخ رنگ کا بھاری کام والا دلکش لہنگا زیب تن کیا ہوا تھا، جس کے ساتھ چھوٹی چولی اور مکمل جالی دار دوپٹہ تھا جس پر آئینے کا نفیس کام کیا گیا تھا۔
ان کا میک اپ نہایت تابناک اور پرکشش تھا جبکہ زیورات کا انتخاب بھی نہایت دیدہ زیب اور شاہانہ تھا۔ دوسری جانب حسین ترین نے سفید روایتی شیروانی اور کلاسیکی شال میں تقریب میں شرکت کی اور اپنے پُروقار انداز سے سب کی توجہ حاصل کی۔
شادی سے قبل دونوں نے مہندی اور قوالی کی ایک رنگا رنگ تقریب کا بھی اہتمام کیا جس کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
ان تصاویر اور ویڈیوز میں دونوں کو ہم رنگ لباس میں دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ خوشیوں سے جھومتے اور چمکتے دمکتے انداز میں دیکھا گیا۔
مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جوڑے کو بھرپور مبارکبادیں دی جا رہی ہیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ یہ جوڑا کئی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ رہا ہے اور اب ان کا رشتہ باضابطہ طور پر ازدواجی زندگی میں بدل چکا ہے۔