ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے قیدی فرار ہوتے ہوئے کینٹین سے 20 لاکھ روپے سے زائد کا سامان لوٹ کر لےگئے۔
ذرائع کے مطابق قیدیوں نے فرار کے وقت جیل کی کینٹین سے 20 لاکھ روپے سے زائد کا سامان لوٹا، جیل ڈسپنسری میں رکھی ادویات اور دیگر سامان بھی لوٹ کر لےگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام نے گزشتہ سال دسمبر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ناکافی اور خراب ہونے پر خط بھی لکھا تھا لیکن محکمہ داخلہ سے فنڈ سے متعلق کوئی مناسب جواب نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کو نفری کی کمی کا بھی سامنا ہے، منظور شدہ اسامیوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار ہے لیکن نفری 5 ہزار بھی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ شہر میں مسلسل زلزلے کے جھٹکوں نے شہری آبادیوں کے ساتھ ساتھ ملیر جیل کو بھی متاثر کیا، گزشتہ رات تقریباً ایک بجے ملیر اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، قیدیوں کی حفاظت کے لیے جیل انتظامیہ نے 2 سرکل کے قیدیوں کو بیرکس سے باہر نکال دیا۔
جیل حکام کے مطابق اسی دوران قیدیوں نے ہنگامہ آرائی اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی بھی کی اورجیل سے فرار ہونے لگے، قیدیوں کے ہجوم کو دیکھ کر جیل پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کردی۔۔
پولیس حکام کے مطابق ملیرجیل سے 213 قیدی فرار ہوئے جن میں سے 80 سے زائدکو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔