دوحہ میں جاری ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی ویٹ لفٹرز کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے جہاں پاکستان نے مزید ایک سونے اور ایک کانسی کے تمغے اپنے نام کر لیے ہیں۔
چیمپئن شپ کے دوسرے دن 89 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے رشید خان نے 50 سالہ کھلاڑیوں کے گروپ میں حصہ لیتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔
انہوں نے اس مقابلے میں مجموعی طور پر 170 کلوگرام وزن اٹھایا جس میں 80 کلوگرام اسنیچ اور 90 کلوگرام کلین اینڈ جرک شامل تھا۔
دوسری جانب پاکستان کے عبدالمالک نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 51 سالہ عبدالمالک نے مجموعی طور پر 193 کلوگرام وزن اٹھایا، جس میں 93 کلوگرام اسنیچ اور 100 کلوگرام کلین اینڈ جرک شامل تھے۔
ان دو تمغوں کے بعد پاکستان کا مجموعی تمغہ شمار تین ہو گیا ہے، جس میں دو سونے اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل پاکستان نے اسی ایونٹ میں ایک اور سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ دوحہ میں ہونے والے اس مقابلے میں پاکستان کے مقصود امجد راٹھور نے 65 سالہ عمر کے گروپ میں 96 کلوگرام کیٹیگری میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
مقصود امجد راٹھور نے مجموعی طور پر 125 کلوگرام وزن اٹھایا جس میں 55 کلوگرام اسنیچ اور 70 کلوگرام کلین اینڈ جرک شامل تھا۔