آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں،علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کی لیے پاکستان میں بھرپور دفاعی صلاحیت موجود ہے۔
بھارت کو منہ توڑ جواب دینے والے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی کے بعد پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بیانات کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں ملکی سالمیت اور خود مختاری کے حوالے سے بات کرنے سنا جا سکتا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دے کرکہا تھا کہ اللہ کی مدد اور نصرت سے یہ کتنی مرتبہ ہوا کہ ایک چھوٹی طاقت نے بڑی طاقت کو شکست دی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ 13 لاکھ بھارتی فوج اپنے تمام تر ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے اور ہم نے اس ملک کو بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اسکی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کی طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہیں۔